اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر سرینگر میں امیر المومنین علی علیہ السلام کے یوم ولادت کے موقع پر انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے زیر اہتمام خوبصورت تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
سرینگر سے موصولہ تفصیلات کے مطابق مولود کعبہ امیر المومنین حضرت علی ابن ابیطالبؑ کے یوم ولادت باسعادت کے موقعہ پر جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے وادی کے مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے کی مرکزی تقریبات مرکزی امام باڑہ بڈگام اور باب العلم ہائر سکنڈری سکول بڈگام کے آڈیٹوریم ہال میں منعقد ہوئیں جن میں طلبہ و طالبات کی کثیر تعداد کے علاوہ معلمین و منتظمین اور تنظیم کے اراکین و عاملین نے شرکت کی۔ مرکزی امام باڑہ بڈگام میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور حریت کانفرنس کے سینئر رہنما حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اسلامیان عالم کو امیر المومنین علی ابن ابیطالبؑ کے یوم ولادت و باسعادت کی تہنیت پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کی امن و سلامتی اور مسلمین عالم کے اخوت و اتحاد کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علیؑ کا خانہ کعبہ میں تولد ہونا بذات خود ایک ایسی عظیم سعادت ہے جو علی(ع) سے پہلے کسی کو نصیب نہ ہوئی اور نہ قیامت تک کوئی ایسی سعادت سے سرفراز ہوسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ حضرت علی ؑ کے سیرت و کردار کا ہر پہلو عظمتوں اور فضیلتوں کا منارہ ہے تاہم مولائے کائنات کے عظمت و عزیمت کا روشن ترین پہلو اسلام اور مسلمین کی سربلندی اور رسول اکرم کی نصرت و حمایت کیلئے ان کا عملی کردار ہے۔ مولائے کائنات سے عقیدت و وابستگی کا دعویٰ ہم سے خدا و رسول کی اطاعت کے ساتھ ساتھ ملت اسلامیہ کی سربلندی کیلئے احساس ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علی علیہ السلام کے سیرت و کردارمیں یہی دعوت فکر ہے کہ مسلمان اپنے دین و ملت کے امورات سے لا تعلق نہ رہیں۔
آغا صاحب نے حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ اور کئی کارکنوں کی مسلسل حراست اور میر واعظ کشمیر مولوی محمد عمر فاروق ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان سمیت کئی قائدین کی خانہ نظر بندی کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری قوم کے خلاف حالیہ قاتلانہ مہم جوئی کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال سے تعبیر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نئی مخلوط سرکار معصوم شہریوں کی حفاظت کیلئے جرائت مندانہ پالیسی اختیار کرکے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی عمل میں لاکر آزادی اظہار اور احساس تحفظ کے دعووں کو ثابت کرے۔
تقریبات سے جن دیگر معززین نے خطاب کیا ان میں جامعہ باب العلم کے پرنسپل حجة الاسلام سید محمد حسین موسوی، حجة الاسلام سید یوسف الموسوی ، حجة الاسلام سید ارشد حسین موسوی، حجة الاسلام سید محمد حسین صفوی وغیرہ شامل ہیں۔دریں اثنا انجمن شرعی شیعیان کے شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ماہ رجب کی مناسبت سے عمل اعتکاف کا آغاز ہوا جس میں درجنوں دینی طلباءشریک ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲